کوئٹہ میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ شہر کے مصروف ترین علاقوں جناح روڈ، زرغون روڈ، سریاب روڈ اور سیٹلائٹ ٹاون بلوچی اسٹریٹ میں مسلح ملزمان دن دیہاڑے شہریوں سے موٹرسائیکلیں، موبائل فون اور نقدی چھین کر باآسانی فرار ہو جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود فوری رسپانس نہیں ملتا اور نہ ہی چھینا گیا سامان برآمد ہو پاتا ہے، جس کی وجہ سے عوامی حلقوں میں شدید بے چینی اور خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں جگہ جگہ ناکوں کے باوجود روزانہ درجنوں موٹرسائیکلیں چوری ہونا سمجھ سے باہر ہے۔ شہریوں نے آئی جی پولیس بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گشت کے نظام کو مثر بنایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جائے۔ شہریوں کے مطابق اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو نہ صرف عوامی اعتماد مزید مجروح ہوگا بلکہ رات کے اوقات میں سفر کرنا بھی ناممکن ہو جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert