پاک افغان بارڈر چمن پر 5 کروڑ 25 لاکھ روپے کی غیر قانونی ترسیل کی کوشش ناکام

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان زون نے پاک افغان بارڈر چمن پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 کروڑ 25 لاکھ روپے کی غیر قانونی ترسیل کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق بروقت انٹیلی جنس اطلاع پر کی گئی اس کارروائی کے دوران بھاری ملکی کرنسی برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جو یہ رقم انتہائی مہارت سے چھپا کر افغانستان منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے کرنسی اسمگلنگ کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کے حوالے سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں ملزم کے ایک منظم گروہ سے وابستہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والے عناصر اور حوالہ ہنڈی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور سرحدی نگرانی کو مزید مثر بنایا جائے گا تاکہ مالی جرائم کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔
