بلوچستان میں بدامنی : مزاحمت پر پاک فوج کا جوان شہید، تربت اور پنجگور سے 4 لاشیں برآمد؛ حادثات سمیت مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق، 27 زخمی


تربت، پنجگور، ڈیرہ بگٹی، بولان، گوادر، ڈیرہ مراد جمالی: ( ڈیلی قدرت ) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکے، ڈکیتی، خوفناک ٹریفک حادثات اور طوفانی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ مختلف واقعات میں پاک فوج کے ایک سپاہی سمیت 7 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 27 افراد زخمی ہوئے، جبکہ تربت اور پنجگور سے 4 افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق، بولان (کچھی) کے علاقے براہم بران کے مقام پر مسلح ڈاکوؤں نے ڈیرہ مراد جمالی سے کوئٹہ جانے والے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو روک کر لوٹ مار کی کوشش کی۔ نوجوان کی جانب سے بہادری سے مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں نوجوان شدید زخمی ہو کر دم توڑ گیا۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت غلام فرید ڈومکی کے نام سے ہوئی ہے جو پاک فوج میں بطور سپاہی خدمات سر انجام دے رہا تھا۔ ڈھاڈر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
ادھر تربت اور پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے لرزہ خیز وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ پنجگور بائی پاس پر الامارت ہوٹل کے قریب کھڑی ایک زمیاد گاڑی سے دو افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں جن کی شناخت نبیل احمد اور شہاب کے ناموں سے ہوئی، تاہم گاڑی کے اندر سے ایک چار سالہ بچہ معجزانہ طور پر زندہ اور محفوظ پایا گیا۔ دوسری جانب تربت کے علاقے خلیل آباد میں واٹر بور پر کام کرنے والے مستونگ کے دو سگے بھائیوں پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی، جس میں وحید کریم جاں بحق اور حبیب کریم شدید زخمی ہو گیا۔ مزید برآں، تربت کے علاقے بانک چڑھائی اور دشت سے دو مسخ شدہ لاشیں بھی برآمد ہوئیں، جن کی شناخت طالب علم جان محمد اور ماسٹر عابد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ماسٹر عابد کو ایک ہفتہ قبل مسلح افراد نے اغوا کیا تھا۔
ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی اوچ کے قریب بھی نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے کفیل مندرانی بگٹی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جبکہ ڈیرہ بگٹی ہی کے علاقے پیر کوہ میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں مقامی امن فورس کے دو رضاکار زخمی ہو گئے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے تمام واقعات کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
صوبے میں موسمیاتی تبدیلیوں اور حادثات نے بھی شہریوں کو شدید متاثر کیا۔ نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی اور بولان کے مختلف علاقوں میں طوفانی آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی۔ ڈیرہ مراد جمالی، مانجھوٹی، میر حسن، تمبو اور نوتال میں درجنوں کچے مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے، درخت اکھڑنے اور سائن بورڈز و بجلی کے کھمبے گرنے سے 4 خواتین اور 2 بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے۔
ٹریفک حادثات کے حوالے سے گوادر میں مکران کوسٹل ہائی وے پر کلمت کراس کے مقام پر کراچی سے مند جانے والی مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 10 مسافر زخمی ہو گئے جنہیں ہائی وے پولیس نے طبی امداد فراہم کی۔ دریں اثناء، ڈیرہ مراد جمالی کے قریب تھانہ منجھو شوری کی حدود میں دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں حاجی رندو خان مری اور ندیم احمد پلال شدید زخمی ہو گئے جنہیں ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ علاقوں کی پولیس اور انتظامیہ نے قانون کے مطابق کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert