ایف آئی اے کراچی کی غیر قانونی فارن کرنسی ڈیلرز کے خلاف کارروائی ، 37 لاکھ روپے نقدی اور 940 ملین ایرانی ریال برآمد


کراچی(قدرت روزنامہ) ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے غیر قانونی فارن کرنسی ڈیلرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں ایرانی ریال برآمد کر لیے۔
ترجمان کے مطابق کھارا در کے علاقے میں کارروائی ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی جبکہ چھاپا ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی کی نگرانی میں کیا گیا۔کارروائی کے دوران ملزم محمد حنیف ولد عمر فاروق کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم غیر قانونی طور پر فارن کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔ملزم کے قبضے سے 37 لاکھ روپے نقد رقم اور 940 ملین ایرانی ریال برآمد کیے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اسٹیٹ بینک کی اجازت کے بغیر غیر قانونی کرنسی کاروبار میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔برآمد شدہ کرنسی اور موبائل فون کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 02/2026 درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی فارن کرنسی کاروبار اور معیشت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert