اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ کی جانب سے تنقید کرنے والوں کو ڈھکے چھپے انداز میں دھمکی دی گئی ہے . فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی سگریٹ نوشی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد علیزے شاہ نے ایک اسٹوری پوسٹ کی .
پوسٹ کی گئی اسٹوری میں علیزے شاہ نے تنقید کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے رابطہ کیا ہے .
اس ضمن سے ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے ڈائریکٹر عمران ریاض نے انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی جس میں انہوں نے بتایا کہ کسی کی بھی اجازت کے بغیر اس کی تصویر لینا یا ویڈیو بنانا، اپ لوڈ کرنا، مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرنا، ٹوئٹ کرنا، ری ٹوئٹ کرنا جیسا کہ ابھی اداکارہ علیزے شاہ کے کیس میں ہوا ہے یہ الیکٹرانک جرائم کی روک تھام ایکٹ 2016 کے زمرے میں آتا ہے اور یہ ایک جرم ہے .
انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے والے کو 3 سال تک کی سزا یا 10 لاکھ روپے جرمانہ یا یہ دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں لہٰذا اس شیز سے احتیاط کریں . واضح رہے کہ کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر علیزے شاہ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھ کر سگریٹ پی رہی تھیں . ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کچھ صارفین نے علیزے کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی ذاتی زندگی ہے وہ کچھ بھی کریں جبکہ زیادہ تر صارفین نے علیزے کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا .