موجودہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پشتونخوا وطن کے قدرتی وسائل پر قبضے کی ایک منظم کوشش ہے، نصراللہ خان زیرے

پشین (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے چوتھے روز برشور بازار میں ایک عظیم الشان اور تاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا، جس سے پارٹی کے چیئرمین و رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ سمیت پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنما خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ موجودہ سیاسی، قومی اور معاشی صورتحال اور عوام دشمن مائنز منرل ایکٹ 2025 کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہوگا، جس میں پشتونخوا وطن کو درپیش مسائل، قومی وسائل پر اختیار، عوامی حقوق اور موجودہ حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے پارٹی کا واضح مؤقف پیش کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع پشین کی ضلعی کمیٹی کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو کلی ملک فیضو میں ملک عزیز خان کی رہائش گاہ ‘میں ان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے چوتھے روز برشور بازار میں منعقد ہونے والے جلس? عام کی تیاریوں، تنظیمی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ برشور بازار کا جلس? عام پشتونخوا وطن کے قومی حقوق، وسائل کے تحفظ اور جمہوری جدوجہد کے حوالے سے ایک مضبوط عوامی پیغام ثابت ہوگا۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ ‘‘مائنز اینڈ منرلز ایکٹ’’ دراصل پشتونخوا وطن کے قدرتی وسائل پر قبضے، مقامی آبادی کو ان کے حقِ ملکیت سے محروم کرنے اور قومی وسائل کو بیرونی قوتوں و سرمایہ دار طبقات کے حوالے کرنے کی ایک منظم کوشش ہے، جسے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلسہ عام کے دوران پارٹی قیادت اس متنازع قانون کے خلاف بھرپور عوامی آگاہی مہم چلائے گی اور عوام کو اس کے سیاسی، معاشی اور قومی اثرات سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا جائے گا۔ مقررین واضح کریں گے کہ پشتونخوا وطن کے معدنی وسائل، زمینوں، پانی اور دیگر قدرتی ذخائر پر سب سے پہلا حق مقامی عوام کا ہے اور ان وسائل سے متعلق ہر فیصلہ عوامی امنگوں، آئینی تقاضوں اور قومی مفادات کے مطابق ہونا چاہیے۔ نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ پشتونخوا وطن کے عوام اس وقت بدترین مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، وسائل کی لوٹ مار اور سیاسی بے یقینی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ حکمران طبقات عوامی مشکلات کے حل کے بجائے قومی وسائل پر قبضے کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہر سطح پر عوامی حقوق، قومی تشخص، وسائل پر اختیار اور جمہوری جدوجہد کو مزید منظم اور فعال بنائے گی۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، صوبائی سیکریٹری اول خوشحال کاکڑ، پروفیسر اسد ترین، سید احسان آغا، محمود ریاض، سینئر معاون سیکریٹری سردار فیصل خان ترین سمیت ضلعی کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر پارٹی رہنماؤں نے کارکنوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ برشور بازار جلس? عام کی کامیابی کیلئے بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائیں، مختلف علاقوں میں تنظیمی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں، گھر گھر رابطے کریں اور عوام کو جلسے میں بھرپور شرکت کی دعوت دیں تاکہ پشتون قومی حقوق، وسائل کے تحفظ، جمہوری جدوجہد اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ایک مؤثر اور متحد آواز بلند کی جا سکے۔
