لاہور(قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن کے زخمی رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین نے کہا ہے کہ کسی سے دشمنی نہیں ہمیشہ اکیلا ہی رہتا ہوں .
مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین نے قاتلانہ حملے کے بعد پہلا بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ معمول کے مطابق نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد اپنے حلقے میں گھوم رہے تھے .
انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہی نہیں چلا کہ کب فائرنگ کی گئی، گولیاں لگنے سے گر گیا تھا اور یقین ہی نہیں آیا کہ مجھے مار رہے ہیں .
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کسی سے دشمنی نہیں ہمیشہ اکیلا ہی رہتا ہوں . مجھ پر کس نے حملہ کیا ابھی تک معلوم نہیں . بہر حال میرا آپریشن ہوگیا اور گولی نکال دی گئی ہے .
انہوں نے کہا کہ اکیلا گھومنے والا بندہ ہوں میرے خلاف کوئی سازش ہو گی . ن لیگی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں .
واضح رہے کہ بلال یاسین کو میؤ اسپتال میں سرجری کے بعد سرجیکل ٹاور کے آئی سی یو وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے . بلال یاسین کو پیٹ میں لگنے والی گولی نے کسی حصہ کو متاثر نہیں کیا .
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوہلے کی ہڈی فریکچر ہوئی تھی جس کو آپریٹ کر دیا گیا ہے .
دوسری جانب ن لیگی رہنماؤں کی جانب سے بلال یاسین کی عیادت کا سلسلہ جاری ہے، عطا تارڑ کے بعد ن لیگی رہنما ایاز صادق نے اسپتال میں بلال یاسین کی عیادت کی .
سردار ایاز صادق نے کہا کہ بلال یاسین خیریت سے ہیں اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ حملہ آوروں کو گرفتار کرے . حکومت کو شہر میں لااینڈ آرڑر کی صورتحال کا جائزہ بھی لینا ہو گا .
مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بلال یاسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی . شہباز شریف نے بلال یاسین کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی .
. .