وزارت مذہبی امور نے شہریوں کو حج ویزوں کے فراڈ سے متعلق خبردار کر دیا

حج ویزوں کا سسٹم 2 ماہ قبل بند ہو گیا تھا، لہذا اب حج ویزہ لگانے کا دعوی فراڈ پر مبنی ہو گا،عوام الناس جعل سازوں سے ہوشیار رہیں، وزارت سے جاری بیان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزارت مذہبی امور نے شہریوں کوحج ویزوں کے فراڈ سے متعلق خبردار کر دیا۔ وزارت مذہبی امور سے جاری بیان کے مطابق حج ویزوں کا سسٹم 2 ماہ قبل بند ہو گیا تھا، لہذا اب حج ویزہ لگانے کا دعوی فراڈ پر مبنی ہو گا،عوام الناس جعل سازوں سے ہوشیار رہیں۔ جبکہ چیئرمین پاکستان علما کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علما کونسل ، انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل اور دارالافتا پاکستان نے حجاج کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ حرمین شریفین کے تقدس و احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کریں۔
سعودی عرب میں رہنے والے بغیر اجازت نامے کے حج نہ کریں ، بغیر اجازت نامے کے حج شرعی و قانونی طور پر جائز نہیں ہے۔
ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ حج اور عمرہ پر روانگی سے قبل مکمل معلومات حاصل کریں تا کہ مناسک حج و عمرہ میں مشکلات پیش نہ آئیں۔ مملکت سعودی عرب جو اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے اس کے تمام اداروں کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اللہ کے مہمانوں کی بھرپور خدمت کر سکے۔
اس لیے حجاج پر بھی لازم ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق اور سعودی قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔ دوران حج سیاسی میدان لگانے کی خود کوشش کریں نہ کسی بھی ایسی کوشش کا حصہ بنیں۔ حج کانفرنس میں جاری کردہ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی غیر رجسٹرڈ حج و عمرہ گروپ ، آن لائن گروپ سے بکنگ نہ کروائیں ، سعودی عرب میں رہنے والے بغیر اجازت نامہ کے حج نہ کریں ، بغیر اجازت نامہ حج شرعی و قانونی طور پر جائز نہیں ہے ۔
ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ حج یا عمرہ کے لیے روانہ ہوتے وقت اپنی نیت کو خالص اللہ کیلئے کر لیں کہ ہمارا یہ حج یا عمرہ اللہ ہی کیلئے ہے اور اس کا مقصد دنیا کی نمود و نمائش نہیں ہے اور حتی الامکان عبادت کی ویڈیو اور تصاویر سے اجتناب کریں۔ حج اور عمرہ پر روانگی سے قبل حج اور عمرہ کے بار ے میں مکمل معلومات حاصل کر لینی چاہئیں اورا گر معلومات حاصل نہیں کیں تو پھر سفر کے دوران کسی جاننے والے سے ضرور رہنمائی لے لینی چاہیے تا کہ مناسک حج اور عمرہ میں مشکلات پیش نہ آئیں اور معلومات کے حصول کیلئے کسی قسم کی گھبراہٹ کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔
حج یا عمرہ پر روانگی کے وقت جو طریقہ کار اور ضابطہ وزارت مذہبی امور یا حج، عمرہ گروپ کے رہنمائوں نے مرتب کیا ہو اسی کی رہنمائی میں حج ، عمرہ کے سفر کو مرتب کریں اگرچہ اس میں آپ کے مزاج کے خلاف ہی کوئی چیز کیوں نہ ہو۔

WhatsApp
Get Alert