ایف آئی اے اہلکاروں کا سنار کی دکان پر چھاپہ،ملازمین اور دکاندارسے نارواسلوک، والد کو بیٹے کے سامنے تھپڑ، موقع پر موجود تقریباً ہر شخص کی تذلیل


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سنار کی ایک دکان پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مبینہ چھاپے کی ایک ویڈیووائرل ہورہی ہے جس کے بارے میں کہاجارہا ہے کہ راولپنڈی کی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بادی النظر میں ایف آئی اے کی وردی میں مبلوس اہلکار دکان کے اندر داخل ہوتے ہیں، وہاںموجودتقریباً ہر ہی شخص کی تذلیل کرتے ہیں اور دکاندار کو اس کے بیٹے کی موجود گی میں تھپڑ مارتے ہیں جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے ادارے کا نام بدنا م کرنیوالے اہلکاروں اور ان کے ساتھ موجود خاتون کو تنقید کا نشانہ بنایاجارہاہے۔
اہلکار اندر داخل ہوتے ہی موقع پر موجود تمام لوگوں سے موبائل فون لے لیتے ہیں اور ان سے پوچھ گچھ شروع کردیتے ہیں، ایک بیگ نکالتے ہیں جس میں چاندی اور کیش کی موجودگی پائی جاتی ہے، چاندی سے متعلق پوچھ گچھ کی تو دکاندار کا موقف تھا کہ خریدو فروخت کرتے ہیں، ہم نے درآمد نہیں کی ، پوری مارکیٹ میں بکتی ہوئی آرہی ہے، ہم نے بھی خریدی۔
اس کے یہ بتانے پر اہلکار نے تھپڑ ماردیا جس کی وجہ سے موقع پر موجود دکاندار کا بیٹا آگے آگیا اور شور شرابا شروع ہوگیا، خاتون جو شاید افسر تھی،نے بھی کائونٹر سنبھال لیا جبکہ سادہ لباس میں موجود اہلکارنے کاؤنٹرز کاصفایا کرنا شروع کردیا، باقی لوگوں کے درمیان توتکار شروع ہوگئی اور دکاندار کا موقف تھا کہ آپ ایسے سامان نہیں لے جاسکتے ۔

یہ ویڈیو سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جارہی ہے اور صارفین کا موقف ہے کہ ادارے کارروائی ضرور کریں، مگر شہریوں کی تذلیل کسی صورت قابلِ قبول نہیں،جوان بیٹے کے سامنے والد کو تھپڑ مارنا نامناسب ہے۔

WhatsApp
Get Alert