لیڈی کانسٹیبل شکیلہ کا قتل بلوچستان کے امن پر حملہ ہے،قلم اور شعور کے دشمن عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا، میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں، لیڈی کانسٹیبل شکیلہ کا قتل بلوچستان کے امن پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد خواتین، اساتذہ اور بچوں کو نشانہ بنا کر خوف پھیلانا چاہتے ہیں، ریاست دشمن عناصر کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ لیڈی پولیس اہلکار شکیلہ کے خاندان پر حملہ دہشت گردوں کی سفاک ذہنیت کا ثبوت ہے، معصوم شہریوں پر حملے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مذموم عزائم کے لیے اساتذہ کو ہدف بنانا بلوچستان کی علمی و ادبی شناخت پر حملہ ہے، قلم اور شعور کے دشمن عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بلوچستان کے امن، تعلیم اور روشن مستقبل کے دشمنوں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
