کوئٹہ عملا ایک لاوارث شہر کا منظر پیش کر رہا ہے، شہری بنیادی سہولیات سے یکسر محروم ہو چکے، جمعیت علما اسلام


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد، مفتی رضا خان، حاجی ظفر اللہ کاکڑ، میر سرفراز شاہوانی، سیٹھ اجمل بازئی، سالار مولوی علی جان، مولانا سید سعد اللہ آغا اور مولوی نقیب اللہ ملاخیل نے اپنے ایک مشترکہ و سخت تشویشناک بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ شہر اور اس کے گرد و نواح میں جاری بدترین غیر اعلانیہ اور طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنا کر رکھ دیا ہے۔ شدید گرمی کے اس موسم میں بجلی کی مسلسل بندش اور سردیوں میں گیس پریشر کی انتہائی کمی نے یہاں کے غیور عوام کو ناقابلِ برداشت مشکلات اور شدید ذہنی اذیت سے دوچار کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک اور حکام کے لیے لمح فکریہ ہے کہ صوبائی دارالحکومت ہونے کے باوجود کوئٹہ جیسا تاریخی شہر بنیادی انسانی سہولیات سے مکمل محروم ہے۔ عوام ہر سال سردیوں میں جان لیوا گیس بحران اور گرمیوں میں بدترین بجلی لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، مگر متعلقہ ادارے، کیسکو انتظامیہ اور حکام ان دیرینہ و سنگین مسائل کے مستقل اور مثر حل کی بجائے وقتی اعلانات، طفل تسلیوں اور ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں جو یہاں کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی اور زیادتی کے مترادف ہے۔ بجلی اور گیس جیسی بنیادی ضروریات کی عدم فراہمی نے نہ صرف گھریلو زندگی کو شدید متاثر کیا ہے بلکہ تجارتی کاروبار اور روزمرہ کے تمام معمولات بھی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں، جس کے باعث ہسپتالوں میں زیرِ علاج بیمار، بزرگ، خواتین اور معصوم بچے شدید ترین پسماندگی اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔رہنماں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کوئٹہ عملا ایک لاوارث شہر کا منظر پیش کر رہا ہے جہاں شہری مسائل کے حل اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے صوبائی حکومت یا اداروں کے پاس کوئی سنجیدہ اور مثر حکمتِ عملی دکھائی نہیں دیتی۔ متعلقہ محکموں کی نااہلی، عدم دلچسپی اور غیر ذمہ دارانہ رویے نے عوام میں شدید بے چینی، مایوسی اور اضطراب پیدا کر دیا ہے۔ جے یو آئی کی قیادت نے اعلی حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ کے باسیوں کو اس دوہرے عذاب سے نجات دلائی جائے اور بجلی و گیس کی فراہمی کو فوری طور پر معمول کے مطابق لایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert