خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں5.3 شدت کا زلزلہ، لوگ خوف میں مبتلا

پشاور(قدرت روزنامہ) خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کے جھٹکے سوات، پشاور،لوئر دیر، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، چترال، نوشہرہ، شبقدر، مہمند اور باجوڑ میں محسوس کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں، دکانوں سے باہر سڑکوں پر نکل آئے۔
زلزلہ پیماء مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 180 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ تاہم زلزلے سے کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

یاد رہے زلزلے ایسی قدرتی آفت ہیں، جس سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ زلزلوں سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے۔

پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری اریبین ہے۔ زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں۔ زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔ زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔ یاد رہے 08 دسمبر کی ایک رپورٹ کے مطابق کراچی میں فالٹ لائنز کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات زاہد رفیع نے بدھ کی رات کو کراچی میں آنے والے زلزلے کے بعد بتایا کہ شہر قائد کراچی میں فالٹ لائنز موجود ہیں۔