صوبائی دارالحکومت لاہور میں اومی کرون نے تیزی سے پھیلنا شروع کردیا

لاہور (قدرت روزنامہ) لاہورمیں کورونا وائرس کے نیا ویرینٹ اومی کرون نےتیزی سے پھیلنا شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں سامنے آنے والے 50 کیسز میں سے 49 کا تعلق لاہور سے ہے جب کہ لاہور میں کورونا مثبت آنے کی شرح 2 فیصد ہوگئی اور گذشتہ روز شرح 3 فیصد تھی۔ اس حوالے سے سیکرٹری صحت پنجاب عمران بلوچ نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اومی کرون وائرس کی تشخیص بہت پیچیدہ ہے اور پی سی آر ٹیسٹ کے ذریعے بھی اس کی تصدیق نہیں ہو سکتی، جین سیکوینسنگ کے ذریعے 3 دن میں اومی کرون وائرس کی تصدیق ہورہی ہے، اس وقت اومی کرون سے متاثر ہونے کی علامات رکھنے یا بیرون ممالک سے آنے والے افراد کے نمونے ہی چیک کیے جا رہے ہیں جس میں ہر شخص کا اومی کرون ٹیسٹ نہیں کیا جارہا۔

محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ 50 کیسز میں سے صرف ایک کیس کا تعلق بہاولپور سے ہے جب کہ لاہور میں ماڈل ٹاؤن ،گلبرگ،جوہر ٹاؤن اور ڈیفنس کے علاقے اومی کرون وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں ایک ہی خاندان کے بارہ افراد میں اومیکرون کی تصدیق کے بعد متاثرہ علاقہ گلشن اقبال بلاک سیون میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کردیا گیا ، جو چودہ جنوری تک نافذ رہے گا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ متاثرہ علاقے میں بیکری اور میڈیکل اسٹور کے علاوہ تمام معمول کی سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گلشن اقبال بلاک سیون میں ڈبل سواری پر بھی پابند ہوگی۔ انتظامیہ کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون چودہ جنوری تک نافذ رہے گا اور شہر میں اومی کرون کے ممکنہ کیسز کو کنٹرول کرنے کے محکمہ صحت کی سخت ہدایت پر ضلعی انتظامیہ فعال ہے۔ یاد رہے کہ کراچی کے ضلع شرقی میں گلشن اقبال بلاک 7 میں رہائش پذیر ایک ہی خاندان کے گیارہ افراد میں کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کی تصدیق ہوئی تھی، متاثرین میں 8 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔