ڈیرہ مراد جمالی میں ڈکیتی کی وارداتیں، شہریوں سے موٹر سائیکلیں، نقدی اور موبائل فون چھین لیے گئے، ایک نوجوان زخمی


ڈیرہ مراد جمالی (قدرت روزنامہ) ڈیرہ مراد جمالی اور گردونواح میں ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، مختلف واقعات میں تین موٹر سائیکلیں، نقدی اور موبائل فون چھین لیے گئے جبکہ مزاحمت پر فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے قریب منگولی پولیس تھانے کی حدود مانجھوٹی کے علاقے میں تین مسلح نقاب پوش افراد نے اسلحے کے زور پر نوجوان مطلع اللہ عمرانی سے موٹر سائیکل چھین لی۔ مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ زخمی کو فوری طور پر ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کر دیا گیا۔
ایک اور واقعے میں صدر پولیس تھانے کی حدود گوٹھ فیض شاہوانی کے مقام پر مسلح افراد نے گلاب خان ولد گہنور خان بھٹو سے موٹر سائیکل، 50 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی۔
اسی طرح اوستہ محمد میں مین بازار جناح روڈ پر گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے نوجوان سوشل ورکر امتیاز بھٹو سے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین لیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے تمام واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

WhatsApp
Get Alert