سبی میں مبینہ زمین قبضہ اور جعلی ایف آئی آر کے خلاف پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا احتجاج، تحقیقات کا مطالبہ

سبی (قدرت روزنامہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع سبی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بوستان جم ملک فقیر محمد مرغزانی اور ضلع سبی میں مرغزانی اقوام کی آباؤ اجداد کی پدری زمین پر آفتاب قصاب اور علی حسن سیانچ نے مبینہ طور پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔
بیان کے مطابق بااثر شخصیات کے مبینہ اثر و رسوخ اور بھاری رقم کے عوض متعلقہ ایس ایچ او نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ضلعی سینئر معاون سیکرٹری ملک فقیر محمد مرغزانی، ضلع ایگزیکٹو عنایت اللہ خان مرغزانی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، محمد صدیق مرغزانی (ضلع معاون سیکرٹری پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن) اور اقوامِ مرغزانی کے 85 معززین کے خلاف مبینہ طور پر من گھڑت ایف آئی آر درج کی ہے، جس کی پارٹی نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
پارٹی رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی جی پولیس اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور ڈی آئی جی سبی و ایس ایس پی سبی کو ہدایت جاری کرے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، مبینہ جھوٹی ایف آئی آر ختم کی جائے، زمین کو واگزار کرایا جائے اور قبضہ گروہوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر انصاف فراہم نہ کیا گیا تو مبینہ قبضہ گروہوں اور پولیس اہلکاروں کی ملی بھگت کے خلاف تمام شواہد میڈیا کے سامنے لائے جائیں گے اور احتجاج کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ پولیس حکام پر عائد ہوگی۔
