پنجاب کو پختونخوا کیلئے آٹے اور گندم کی ترسیل میں رکاوٹیں فوری دور کرنےکی ہدایت

پشاور(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کو آٹے اور گندم کی دیگر صوبوں کو ترسیل میں رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کر دی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق منسٹری آف نیشنل فوڈ سکیورٹی نے کےپی حکومت کو واٹس ایپ نمبر دے دیا ہے جس میں آٹا اور گندم ڈیلرز پنجاب سے ترسیل کے دوران رکاوٹوں کی صورت میں ویڈیوز اور تصاویر شئیر کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی کے آٹے اور گندم کی ترسیل میں رکاوٹیں دور کرنےکا فیصلہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویرحسین اور چاروں صوبوں کے سیکرٹریز برائے خوراک نے شرکت کی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مشیر خزانہ کےپی مزمل اسلم، اپوزیشن لیڈر کےپی اسمبلی ڈاکٹرعباداللہ اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے بتایا کہ گندم اور آٹےکی ترسیل پر پاپندیاں ہٹانے سے متعلق وفاقی حکومت اور چیف سیکرٹری پنجاب کو متعدد بارآگاہ کیا، کےپی حکومت، اپوزیشن اور گورنر کےپی گندم بحران پر ایک پیج پر ہیں۔
سیکرٹری فوڈ پنجاب نے کہا کہ ہم نےگندم اور آٹےکی ترسیل پر پاپندی نہیں لگائی، جس پر چیف سیکرٹری کے پی کا کہنا تھا پاپندی نہیں لگائی تو کےپی میں آٹےکا ریٹ کیوں بڑھا؟
ذرائع کا کہنا ہے وفاقی رانا تنویرحسین نے ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا کو گندم اور آٹےکی ترسیل میں رکاوٹیں فوری دور کی جائیں۔
اس حوالے سے مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم نے جیو نیوز کو بتایا کہ اجلاس میں پنجاب حکومت کوآگاہ کیا کہ وہ آئینی طور پر گندم، آٹےکی ترسیل پر پاپندی نہیں لگا سکتے، بلوچستان میں 100کلوآٹےکی بوری کی قیمت کےپی کے مقابلےمیں کم ہے۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہےکہ مسئلےکو حل کیا جائےگا، پاپندیاں ہٹنے کے بعد خیبر پختونخوا کو گندم اور آٹے کی بلاتعطل ترسیل شروع ہو جائےگی۔
