بلال یاسین پر فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول پولیس کو مل گیا

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم پی اے بلال یاسین پر فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول پولیس کو مل گیا، ملزمان نے جس پستول سے فائرنگ کی وہ فرار ہوتے وقت ان سے گرگیا تھا، جائے وقوعہ سے ملنے والے پستول کو فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم پی اے پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بلال یاسین پر فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول پولیس کو مل گیا ہے، ملزمان نے جس پستول سے فائرنگ کی وہ فرارہوتے ہوئے ان سے گرگیا تھا، جائے وقوعہ کے قریب سے ملنے والے پستول کو فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا ہے۔
اسی طرح انویسٹی گیشن اور سی آئی اے کی ٹیمیں ملزمان کی تلاش میں مصروف ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے بھی ملزمان کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ ہوا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے، بلال یاسین پر جب موہنی روڈ بلال گنج کے قریب حملہ ہوا تو عینی شاہدین نے دیکھا کہ بلال یاسین گھر کی یونین کونسل میں معمول کے مطابق نکلے تھے۔

گھر سے تھوڑے فاصلے پر موہنی روڈ پر دو لڑکے پیچھے سے آئے ،ان میں سے ایک نے پستول نکالی فائر کیا تو وہ مس ہو گیا۔عینی شاہدین کے مطابق جب ایک پستول سے گولی نہیں چلی تو حملہ آوروں نے دوسری پستول نکال کر فائرنگ کی۔گولی ان کے پیٹ پر لگی اور اس کے بعد گولی ان کی ٹانگ پر بھی لگی۔پولیس کے مطابق بلال یاسین کو کل تین گولیاں لگی ہیں جن میں سے دو پیٹ پر اور ایک ٹانگ پر لگی۔
رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات جاری ہے ، سیف سٹی ڈیپارٹمنٹ نے حملہ آوروں کی شناخت کرلی ، کیمروں کی مدد سے 2 موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں کی شناخت کی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ سیف سٹی کیمرے جائے وقوعہ پر نہیں لگے تھے ، سیف سٹی کیمرے وقوعہ سے کچھ دورمرکزی شاہراہ پر لگے تھے ، ملزمان فرارہوئے تو سیف سٹی کیمروں کی رینج میں آئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لیگی رہنما بلال یاسین کے بیان کے بعد پولیس تحقیقات آگے بڑھائے گی، اس حوالے سے سی سی پی او لاہورنے ٹیم تشکیل دے دی۔ دوسری جانب ایم پی اے بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ 13 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی درج نہیں کیا جا سکا، پولیس نے کہا کہ مقدمہ بلال یاسین کے بیان کے بعد درج ہوگا۔ بلال یاسین حملہ کیس میں سی ٹی اسکین رپورٹ سامنے آگئی ، ایم ایس ڈاکٹر افتخار کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کی حالت خطرے سے باہر ہے ، ٹانگ کی ہڈی فریکچر ہوئی، آپریٹ کردیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین پر گذشتہ روز قاتلانہ حملہ ہوا جس کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ کنسلٹنٹ آرتھوپیڈک سرجن میو اسپتال کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کو آپریشن کے بعد ایمرجنسی آپریشن تھیٹر سے سرجیکل ٹاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔