بنگلادیش کے ہاتھوں بدترین شکست، شان مسعود کے مستعفی ہونے کا امکان

قوم کے جذبات کا احساس ہے اور ان سے معذرت کرتے ہیں کہ توقعات کے مطابق اچھے نتائج نہیں دے پائے، شان مسعود


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بنگلادیش کے ہاتھوں ایک اور وائٹ واش، بڑھتے پریشر اور تنقید کے بعد شان مسعود قیادت چھوڑنے کا اعلان کرسکتے ہیں۔
ذرائع کےمطابق وطن واپسی پر شان مسعود چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات میں کپتانی سے مستعفی ہونے کی پیشکش کریں گے۔
شان مسعود کے مستقبل کے حوالے سے حتمی فیصلہ بورڈ سربراہ کی صوابدید ہوگی۔
2023 میں شان مسعود کو کپتان مقرر کیا گیاتھا، ان کی لیڈرشپ میں پاکستان 16 میں سے 12 ٹیسٹ میچز ہار چکا ہے جس کے بعد ان کے سر پر مستعفی ہونے یا قیادت سے الگ کیے جانے کی تلوار لٹک رہی ہے۔
دوسری جانب سہلٹ ٹیسٹ ہارنے کے بعد پریس کانفرنس میں شان مسعود کا کہنا تھا کہ ناکامیوں پر ہم سب کو بہت دکھ ہے، قوم کے جذبات کا احساس ہے اور ان سے معذرت کرتے ہیں کہ توقعات کے مطابق اچھے نتائج نہیں دے پائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی کی انفرادی پرفارمنس کو نشانہ بنائے بغیر یہ دیکھنا ہےکہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کیسے بہتر ہوسکتی ہے۔ ٹیم سلیکشن میں بھی وہ ہی فیصلے کیے جاتے ہیں، جو پاکستان کےحق میں سب بہتر سمجھتے ہیں۔
کپتانی چھوڑنے کے بار بار سوالات پر انہوں نے زیادہ بات کرنے سے گریز کیا تاہم یہ ضرور واضح کیا کہ میری نیت صاف ہے، کپتان کی کرسی پر بیٹھ کر ہی نہیں، کسی بھی رول میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے گراف کو اوپر دیکھنا چاہتا ہوں، جذباتی فیصلوں کے بجائے ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ کیا خامیاں ہیں، جن کو دور کرنے پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ پاکستان کو زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہوگی، ٹیسٹ میچز میں کم بیک اور جیت کے مواقع ملتے رہے ہیں، لیکن ان سےفائدہ نہیں اٹھاسکے۔
کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے غلطیاں کیں اور بنگلادیش نے اچھی کرکٹ کھیلی۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کو اب جولائی میں انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے جہاں تین میچوں کی سیریز طے ہے۔

WhatsApp
Get Alert