گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور عملے کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں، بابر یوسف زئی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر داخلہ بلوچستان کے معاون خصوصی بابر یوسف زئی نے کہا ہے کہ گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پرو وائس چانسلر اور دیگر عملے کی بازیابی کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی ذاتی طور پر اس معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر یوسف زئی نے کہا کہ گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر پروفیسر منظور احمد اور دیگر عملے کو 13 مئی کو گوادر سے کوئٹہ آتے ہوئے کھڈ کوچہ کے مقام سے اغوا کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مغوی اساتذہ اور عملے کی بحفاظت بازیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور حکومت ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغوی جلد بازیاب ہو جائیں گے۔
بابر یوسف زئی نے نوشکی سے 17 مزدوروں کے اغوا کی خبروں کو غیر مصدقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے علم میں ایسا کوئی واقعہ نہیں آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کو اس وقت سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے اور بھارتی پراکسیز، بھارت کے ایما پر صوبے کا امن خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر سیکیورٹی خطرات سامنے آتے ہیں جنہیں سیکیورٹی فورسز بروقت ناکام بنا رہی ہیں۔
معاون خصوصی نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert