وفاقی تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں دینے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اسلام آباد کے تمام ماڈل اسکولوں، کالجوں اور دیگر سرکاری تعلیمی اداروں میں 25 مئی سے 31 جولائی 2026 تک تعطیلات رہیں گی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے 3 اگست 2026 سے دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور طلبہ کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں ہونے کے باوجود اداروں کے سربراہان اور انتظامی عملہ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتا رہے گا۔ انتظامی عملے کے لیے صبح 9 بجے سے دوپہر ایک بجے تک دفتری اوقات مقرر کیے گئے ہیں تاکہ ضروری امور متاثر نہ ہوں۔
حکام کے مطابق تعطیلات کے دوران دسویں اور گیارھویں جماعت کے طلبہ کے لیے خصوصی کوچنگ کلاسز کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ یہ کلاسز جون اور جولائی میں منعقد ہوں گی تاکہ طلبہ کی تعلیمی تیاری متاثر نہ ہو اور وہ امتحانات کے لیے بہتر انداز میں خود کو تیار کر سکیں۔
اس کے علاوہ اسکولوں کی مرمت، تربیتی ورکشاپس، انتظامی منصوبہ بندی اور دیگر ضروری سرگرمیاں بھی تعطیلات کے دوران جاری رکھی جائیں گی۔ تعلیمی حلقوں نے فیصلے کو بروقت قرار دیتے ہوئے والدین اور طلبہ کے لیے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert