مومنہ اقبال کو مبینہ ہراساں کرنے والے ایم پی اے پر دیگر لڑکیوں کے بھی الزامات کا انکشاف

مجھے کئی دوسری لڑکیوں کے پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں، جن کا دعویٰ ہے کہ اسی مخصوص ایم پی اے نے انہیں بھی ہراساں کیا، اور وہ اب بطور گواہ سامنے آنے کو تیار ہیں؛ اداکارہ کی انسٹاگرام سٹوری


لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ ہراساں کرنے والے ایم پی اے پر دیگر لڑکیوں کے بھی الزامات کا انکشاف ہوا ہے۔ اس حوالے سے اپنی ایک انسٹاگرام سٹوری میں مومنہ اقبال نے بتایا کہ مجھے کئی دوسری لڑکیوں کے پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں جن کا دعویٰ ہے کہ اسی مخصوص ایم پی اے نے انہیں بھی ہراساں کیا، اور وہ اب بطور گواہ سامنے آنے کو تیار ہیں، میں اس معاملے کو اس کے منطقی انجام تک پہنچاؤں گی، اس مشکل وقت میں ساتھ دینے پر عوام اور میڈیا برادری کا بھی تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں، تاہم اپنے باقاعدہ بیان کے ریکارڈ ہونے تک کسی پر قبل از وقت الزام نہ لگانے کی درخواست کرتی ہوں، لیکن ان ہراساں کرنے والوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب ضرور کروں گی۔

بتایا جارہا ہے کہ مومنہ اقبال نے اپنے ساتھ ہونے والی مبینہ طویل ہراسانی، نازیبا پیغامات اور نفسیاتی دباؤ کے خلاف آواز اٹھائی تھی، انہوں نے شکوہ کیا کہ پولیس اور سائبر کرائم سمیت دیگر حکام کو بار بار شکایات کے باوجود انہیں کوئی ٹھوس تحفظ فراہم نہیں کیا گیا، تاہم یہ معاملہ ملک گیر سطح پر توجہ کا مرکز بننے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس کا سخت نوٹس لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اب وزیراعلیٰ پنجاب نے خود مداخلت کی ہے، جس کے بعد اداکارہ مومنہ اقبال نے حکومتی اقدام کی تعریف کی، انہوں نے کہا ہے کہ میں فوری ایکشن لینے، کیس کو متعلقہ حکام کے سپرد کرنے اور مجھے اور میرے خاندان کو جامع سکیورٹی فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی مشکور ہوں، میں ملزمان کو نوٹس جاری کرنے پر این سی سی آئی اے کی کاوش کو بھی سراہتی ہوں۔

WhatsApp
Get Alert