بلوچستان کے نوجوانوں کو آئی ٹی تعلیم سے بااختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے، ہدایت الرحمن بلوچ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور یہی صوبے کا اصل سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں۔ نوجوانوں کو آئی ٹی تعلیم اور جدید ہنر سے آراستہ کرنے کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن بنو قابل پروگرام کے ذریعے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
مختلف وفود سے ملاقات اور Loralai کے ذمہ داران سے پروگرام کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل لورالائی میں عصری و دینی اداروں کے ہزاروں طلبہ اور نوجوان بنو قابل انٹری ٹیسٹ پروگرام میں شرکت کریں گے، جبکہ حافظ نعیم الرحمن اس موقع پر مہمانِ خصوصی ہوں گے۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ Quetta، Jafarabad اور Gwadar کے بعد اب لورالائی میں بھی بنو قابل پروگرام کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جو نوجوانوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری اور انقلابی اقدام ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور بنو قابل پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ آئی ٹی کے شعبے میں مہارت حاصل کرکے باعزت روزگار کما سکیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت میں نہ ہونے کے باوجود تعلیم، صحت اور عوامی فلاح کے کئی بڑے منصوبے شروع کیے ہیں اور بنو قابل پروگرام بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
الخدمت بنو قابل انٹری ٹیسٹ پروگرام کل 23 مئی بروز ہفتہ شام 4:30 بجے گورنمنٹ بوائز کالج اسٹیڈیم لورالائی میں منعقد ہوگا۔ طلبہ و طالبات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ banoqabil.org پر رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ پروگرام سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

WhatsApp
Get Alert