وزیراعلیٰ بلوچستان کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات، ترقی و تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعرات کو اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، قومی سیاسی صورتحال، وفاق اور بلوچستان کے درمیان تعاون اور صوبے کی مجموعی ترقی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی اور قومی دھارے میں مؤثر شمولیت کے لیے وفاقی تعاون انتہائی ضروری ہے۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کی ترقی، استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وفاقی سطح پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور صوبے کے عوام کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔
ملاقات میں پارلیمانی امور، بین الصوبائی ہم آہنگی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
