گوادر میں صحت مراکز کا دورہ، طبی سہولیات بہتر بنانے کے اقدامات


گوادر (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن اور شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے حکومتی عزم کے تحت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر نے ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر فاروق بلوچ کے ہمراہ رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) سربندن اور سی ڈی ببر شور کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران صحت مراکز میں جاری طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، طبی آلات کی فعالیت اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔
آر ایچ سی سربندن پہنچنے پر میڈیکل اسٹاف نے ڈی ایچ او کو ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، درپیش مسائل اور جاری طبی خدمات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں ڈاکٹر یاسر طاہر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، ڈینٹل یونٹ، او پی ڈی، وارڈز اور میڈیکل اسٹور کا معائنہ کیا۔
انہوں نے صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی، طبی آلات کی فعالیت اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
دورے کے دوران ڈاکٹر یاسر طاہر نے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور علاقہ معتبرین سے ملاقات بھی کی، جس میں ہسپتال کو درپیش مسائل اور طبی سہولیات کی بہتری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ضروری ادویات فراہم کی گئیں جبکہ ایمبولینس کی مرمت اور بحالی کے امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی ایچ او نے کہا کہ ایمبولینس کو جلد فعال کر کے عوام کی سہولت کے لیے دستیاب بنایا جائے گا۔
مزید برآں مریضوں اور لواحقین کے لیے صاف اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی کے لیے واٹر ڈسپنسر بھی فراہم کیا گیا، جبکہ آر ایچ سی سربندن کے لیے ایکسرے مشین اور دیگر طبی آلات کی فراہمی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر نے کہا کہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

WhatsApp
Get Alert