مومنہ اقبال کا کیس ایک دو روز میں حل کر لیں گے، ڈی جی این سی سی آئی اے
خواتین کے کیسز این سی سی آئی اے کی اولین ترجیح ہیں، ادارہ غریب امیر کو نہیں دیکھتا، سید خرم علی کی میڈیا کو بریفنگ

لاہور(قدرت روزنامہ)ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید خرم علی نے کہا ہے کہ مومنہ اقبال کا کیس ایک دو روز میں حل کر لیں گے، خواتین کے کیسز این سی سی آئی اے کی اولین ترجیح ہیں، این سی سی آئی اے غریب امیر کو نہیں دیکھتا، میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی این سی سی آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ اداکارہ مومنہ اقبال کیس کو لاہور آفس دیکھ رہا ہے، مومنہ اقبال کیس مہینوں نہیں دنوں میں مکمل ہو گا، کیس میں کوئی تاخیر نہیں کی،مومنہ اقبال خود کراچی میں تھیں جیسے ہی لاہور آئیں کارروائی کا آغاز ہو گیا ایک سوال جواب میں سید خرم علی کا کہنا تھا کہ صحافی پورے معاشرے کی آنکھیں اور کان ہیں لیکن اگر کوئی ریاست کے خلاف بات کرے گا تو کارروائی ہو گی، کچھ لڑکوں کو گرفتار کیا تھا جو وی لاگ میں کہہ رہے تھے سوات کو افغانستان کا حصہ ہونا چاہیے، اگر این سی سی آئی اے ریاست پاکستان پر اعتماد نا رکھنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کرنی تو کیا کرنا ہے؟ ادھر مومنہ اقبال ہراسگی کیس میں لیگی ایم پی اے کے وکیل کا آنے والے دنوں میں کیس سے متعلق اہم شواہد سامنے لانے کا اعلان کیا ہے۔
لیگی ایم پی اے کے وکیل میاں علی اشفاق نے کہا کہ محمد ثاقب اور مومنہ اقبال کی پہلی ملاقات 2021 میں ہوئی، دونوں کا بہت لمبے عرصے تک گہرا تعلق رہا ایک وقت میں دونوں کا رشتہ بھی قائم ہوتے ہوتے رہ گیا، آنے والے دنوں میں تمام معاملے سے متعلق اہم شواہد سامنے لائے جائیں۔ یہ انوکھی بات ہے کہ درخواست گزار خاتون بنا کسی قانونی رشتے کہ 5 سال تک جس ملزم سے مالی اور دیگر فوائد حاصل کرتی رہی، آپس میں ملاقاتیں رہیں ایک دوسرے کے ہاں آنا جانا ہوتا رہا، اب ان پر آن لائن ہراسگی کا الزام لگا دیا گیا۔ آنے والے دنوں میں دونوں افراد کے تعلقات کے انتہائی اہم شواہد سامنے آئیں گے
