ڈیرہ بگٹی میں امن فورس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ، دو افراد زخمی

ڈیرہ مراد جمالی (قدرت روزنامہ) ڈیرہ بگٹی میں امن فورس اور مسلح افراد کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد زخمی ہوگئے، جبکہ مسلح افراد ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ کے بعد فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سوئی کی حدود میں لنجو صفاری شاخ نمبر تین اور چار کے درمیان پیش آیا، جہاں امن فورس اور مسلح افراد کے درمیان اچانک شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
فائرنگ کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
