کوئٹہ سے سبی تک قومی شاہراہ کی کشادگی کا منصوبہ مکمل

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) کوئٹہ سے سبی تک 160 کلومیٹر طویل قومی شاہراہ کو کشادہ کرنے کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا ہے، جس کے تحت سڑک کے 20 کلومیٹر حصے کو نہ صرف چوڑا کیا گیا بلکہ راستے میں واقع دو سرنگوں کو بھی وسیع کردیا گیا ہے۔
جنرل منیجر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) بلوچستان National Highway Authority آغا عنایت کے مطابق این ایچ اے نے 1 ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے کوئٹہ-سبی شاہراہ کی مرمت اور کشادگی کا منصوبہ مکمل کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 160 کلومیٹر طویل شاہراہ کو نہ صرف مرمت کرکے بلیک ٹاپ کیا گیا بلکہ دو زان، پیر پنجہ، پنجرہ پل سے دربی اور گوکرت سیکشن کے 20 کلومیٹر حصوں کو 12 فٹ سے بڑھا کر 40 فٹ تک وسیع کیا گیا ہے۔
آغا عنایت کے مطابق ڈھاڈر کے قریب انگریز دور کی دو سرنگوں کو بھی کشادہ کیا گیا ہے جس کے بعد اب وہاں سے بیک وقت دو بڑی گاڑیاں آسانی سے گزر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بولان کے علاقے میں قومی شاہراہ کے بند ہونے کے واقعات معمول تھے، تاہم سڑک کی کشادگی سے اب ٹریفک کے مسائل اور طویل جام کی صورتحال میں نمایاں کمی آئے گی۔
