جیریز ڈناٹا اسکینڈل پر ایف بی آر کی بڑی کارروائی، اربوں کا کارگو فراڈ بے نقاب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کراچی ایئرپورٹ پر سامنے آنے والے جیریز ڈناٹا اسکینڈل میں وفاقی ادارہ برائے محصولات (ایف بی آر) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کمپنی پر 2 ارب 70 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔ یہ کارروائی ایئر کارگو کلیئرنس میں مبینہ بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کے انکشاف کے بعد کی گئی۔
دستاویزات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر قیمتی الیکٹرانکس اشیا جیسے آئی فون، لیپ ٹاپ، میک بک اور آئی پیڈز کو جعلی گیٹ پاسز کے ذریعے غیر قانونی طور پر کلیئر کیا جاتا رہا۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ سامان کو کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکس ادائیگی کے بغیر باہر منتقل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جیریز ڈناٹا اسکینڈل میں ایئر وے بل چھپانے، جعلی گیٹ پاس بنانے اور سرکاری ریکارڈ حذف کرنے جیسے سنگین الزامات بھی شامل ہیں۔ ایف بی آر حکام نے اس کارروائی میں 22 کروڑ 10 لاکھ روپے کی اضافی ڈیوٹی اور ٹیکس ریکوری کا بھی حکم جاری کیا ہے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے منظم طریقے سے کسٹمز قوانین کی خلاف ورزی کی جاتی رہی، جبکہ جیریز ڈناٹا کے سسٹم سے جعلی گیٹ پاسز جاری ہونے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
کارروائی کے دوران کسٹمز حکام نے 8 افراد کو گرفتار کیا جن میں کمپنی کے 5 ملازمین بھی شامل ہیں۔ ایک خاتون ملازمہ نے بھی سپروائزرز کے حکم پر جعلی گیٹ پاس جاری کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔
مزید برآں گرفتار کارگو ایجنٹ نے بھی اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ یہ نیٹ ورک کئی سالوں سے سرگرم تھا۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے بھی اس بڑے پیمانے پر کارگو فراڈ کی تصدیق کردی ہے۔
حکام کے مطابق اس کارروائی کے بعد ملک بھر میں ایئر کارگو کی نگرانی اور سخت کردی گئی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
