سیاسی پناہ کیلئے آسٹریلوی مرد سے ہم جنس پرستی کی شادی، کراچی ایئرپورٹ سے نوجوان گرفتار

ملزم نے سیاسی پناہ کیلئے آسٹریلوی شہری کو 40 لاکھ روپے دے کر شادی کا معاہدہ کیا، تلاشی کے دوران ملزم کے فون سے ہم جنس پرستی اور ویزہ کیس سے متعلق ممنوعہ شواہد برآمد ہوئے؛ امیگریشن حکام


کراچی(قدرت روزنامہ)وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے امیگریشن ونگ نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے پاکستانی نوجوان کو گرفتار کیا ہے جو آسٹریلیا میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کے لیے ایک غیر ملکی مرد سے ہم جنس شادی کا ڈرامہ رچا کر بیرونِ ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر ایک غیر معمولی کارروائی کے دوران گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ایک مسافر کو گرفتار کیا ہے، جو سری لنکا کے راستے آسٹریلیا جانے کی کوشش میں تھا، ملزم پر الزام ہے کہ اس نے آسٹریلیا میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کے لیے ایک آسٹریلوی شہری سے غیر قانونی طور پر ہم جنس شادی کا معاہدہ کر رکھا تھا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن شہزاد اکبر نے بتایا کہ مسافر کی مشکوک حرکات و سکنات کے باعث جب اسے کاؤنٹر پر روکا گیا اور اس کے موبائل فون کی تکنیکی جانچ پڑتال کی گئی، تو اس سے انتہائی ٹھوس شواہد ملے، ملزم کے فون سے آسٹریلیا میں سیاسی پناہ لینے کی دستاویزات اور ہم جنس پرستی سے متعلق نازیبا و ممنوعہ مواد بھی برآمد ہوا، جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔
ایف آئی اے کی ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے آسٹریلیا کی شہریت اور سیاسی پناہ حاصل کرنے کے لیے ایک آسٹریلوی شہری اسٹیون کرسٹوفر کو 40 لاکھ روپے ادا کیے، طے شدہ منصوبے کے تحت یہ آسٹریلوی شہری گزشتہ ماہ یعنی اپریل 2026ء میں خود پاکستان آیا تھا، جہاں دونوں کے درمیان ہم جنس شادی کا باقاعدہ کاغذی معاہدہ بھی تیار کیا گیا تاکہ اسے آسٹریلوی سفارت خانے میں کیس مضبوط کرنے کیلئے پیش کیا جا سکے۔
امیگریشن حکام نے ملزم کا جب مزید ریکارڈ چیک کیا تو معلوم ہوا کہ وہ پہلے بھی کئی بار غیر قانونی طریقوں سے بیرونِ ملک جانے کی کوششیں کرکے ملک بدر ہو چکا ہے، ملزم 2019ء میں ایران کے راستے غیر قانونی طور پر ڈنکی لگا کر یورپ جانے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم یونان کی پولیس نے اسے سرحد پر گرفتار کرکے ترکیہ ڈی پورٹ کر دیا تھا، جب کہ ملزم نے 2022ء میں ایک اور کوشش کی، مگر اسے مالدیپ کی امیگریشن نے ایئرپورٹ سے ہی واپس پاکستان بھیج دیا تھا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے آسٹریلیا کا امیگریشن ویزہ حاصل کرنے کے لیے ہم جنس پرستی اور سیاسی پناہ کا جھوٹا سہارا لے کر ملکی قوانین اور اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی کی ہے، مسافر کو مزید سخت تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے نیٹ ورک میں شامل دیگر ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert