دہشت گرد خواتین کو خودکش حملہ آور بنانا چاہتے ہیں لیکن صوبائی حکومت انہیں معاشی ترقی واستحکام کے مواقع فراہم کر رہی ہے،سرفراز بگٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں خواتین انٹر پینورز کے لیے پہلی اے آئی لیب کے قیام کو معاشی استحکام اور خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے اس پیش رفت پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کے ٹوئٹ پر اپنے رد عمل میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں خواتین انٹرپینورز کے لیے پہلی اے آئی لیب کا افتتاح بظاہر ایک چھوٹا قدم ہے، تاہم در حقیقت یہ خواتین کو معاشی طور پر محکم، خود مختار اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 20 خواتین انٹر پینورز کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس پروگرام کو مرحلہ وار بلوچستان کے تمام اضلاع تک وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت سے مستفید ہو سکیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد عناصر خواتین کو گمراہ کر کے خودکش حملہ آور بنانا چاہتے ہیں، تاہم بلوچستان حکومت خواتین اور نوجوانوں کو ترقی، تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کر کے مثبت اور محفوظ مستقبل کی راہ پر گامزن کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنک اسکوٹی اسکیم، اسکالر شپس، آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور اے آئی لیب جیسے منصوبے خواتین کو خود مختار، باوقار اور روشن مستقبل فراہم کرنے کی عملی کوششیں ہیں میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین اور نوجوانوں کی ترقی، معیاری تعلیم، ہنر مندی اور معاشی خود مختاری بلوچستان حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔
