پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی مجوزہ نئے اضلاع اور ڈویژنز کی مخالفت، حکومتی اقدام مسترد


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے صوبے میں نئے اضلاع اور ڈویژنز کے قیام سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔
پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط غیر منتخب اور ناکام حکومت کا یہ اقدام صوبے کی تاریخی، جغرافیائی، ثقافتی اور معاشرتی حقیقتوں کے منافی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔
بیان میں کہا گیا کہ اضلاع اور ڈویژنز میں یکطرفہ اضافے اور اس کے ذریعے تاریخ کو مسخ کرنے کا اختیار کسی کو حاصل نہیں۔ پارٹی کے مطابق پشتون اور بلوچ اقوام کے تاریخی وطن، سماجی رشتوں اور قبائلی روایات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ ماضی میں اضلاع اور انتظامی یونٹس کی تشکیل برٹش بلوچستان کی پشتون اکثریتی سرزمین اور ریاست قلات کی انتظامی بنیادوں کے مطابق ہوتی رہی ہے، تاہم موجودہ غیر منتخب حکومت ایک سازشی منصوبے کے تحت ان تاریخی حقائق کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
پارٹی نے الزام عائد کیا کہ اس منصوبے کے ذریعے مختلف پشتون اور بلوچ قبائل کی قبائلی حیثیت اور روایات کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
بیان کے آخر میں وزیراعلیٰ اور کابینہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس فیصلے اور ارادے کو فوری طور پر واپس لیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں، بصورت دیگر صوبے کے پشتون عوام ان “سازشی منصوبوں” کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

WhatsApp
Get Alert