جہلم: تین بچیوں کے قتل کا مقدمہ ماں کیخلاف درج

(قدرت روزنامہ)جہلم میں تین کمسن بچیوں کے قتل کا مقدمہ دادی کی مدعیت میں ماں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے ملزمہ یاسمین نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ اس کا شوہر اس پر تشدد کرتا تھا اور خرچے کیلئے پیسے نہیں دیتا تھا واقعے کی رات بھی رقم کسی سے ادھار لے کر شوہر کو دی تھی۔

یاسمین کا مزید کہنا تھا کہ صبح بچیوں کو لے کر میکے جانے کا پروگرام بنایا تو شوہر نے مار پیٹ کی پھر وہ چلا گیا، اس کے جانے بعد جذبات اور غصے میں آکر تینوں بچیوں کو قتل کردیا تھا۔

ملزمہ نے یہ بھی بتایا کہ اُس نے اپنے آپ کو مارنے کی کوشش کی اور کمرے میں آگ لگا دی تھی۔

پولیس کے مطابق خاتون کا شوہر رکشہ چلاتا ہے اور واقعے کے وقت وہ گھر پر موجود نہیں تھا۔

پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعہ جہلم کے گاؤں ہرن پور میں پیش آیا تھا جہاں غربت سے تنگ آ کر ماں نے 3 بچوں کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا تھا۔

ماں کے ہاتھوں قتل ہونے والے معصوم بچوں کی عمریں 2 سے 5 سال کے درمیان تھیں۔