چمن ریلوے پھاٹک دھماکے کی شدید مذمت، ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کوئٹہ کے چمن ریلوے پھاٹک پر ہونے والے ٹرین دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کو عوام کے امن و سلامتی پر حملہ قرار دیا ہے۔
پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ایک بار پھر معصوم مسافروں کو خون میں نہلایا گیا، جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ جب سے کوئٹہ شہر کا امن و امان مخصوص عناصر کے حوالے کیا گیا ہے، تب سے دہشت گردی، بدامنی، ڈاکہ زنی، چوری اور ڈکیتی کے واقعات میں 200 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، جبکہ شہر کا ہر گھر اور پورا صوبہ سماج دشمن اور تخریب کار عناصر کے رحم و کرم پر ہے۔
پریس ریلیز میں الزام عائد کیا گیا کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط غیر منتخب نمائندے عوامی مسائل سے لاتعلق ہیں اور وہ کرپشن، رشوت ستانی، اقربا پروری اور لوٹ مار میں مصروف ہیں، جبکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔
بیان کے مطابق چمن ریلوے پھاٹک بند ہونے کے باعث دونوں جانب کھڑی گاڑیوں میں موجود شہری اس دھماکے سے متاثر ہوئے، جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ پارٹی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ پارٹی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ ہر فورم پر اس واقعے کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert