پاک چین تعلقات قابل اعتماد شراکت داری کی مثال ہیں، ڈیجیٹل سلک روٹ وقت کی ضرورت ہے: گورنر بلوچستان


کوئٹہ + بیجنگ (قدرت روزنامہ) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر سیاسی اور معاشی تبدیلیوں کے باوجود چین اور پاکستان ایک دوسرے کے سب سے قابل اعتماد شراکت دار ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے عوامی اعتماد اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تعاون ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ چائنا پاکستان پولیٹیکل پارٹیز فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبہ کے سربراہ لیو ہائیکسنگ، وائس منسٹر سن ہائیان، وفاقی وزیر احسن اقبال اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ تقریباً چالیس سالہ سیاسی کیریئر کے دوران وہ ہمیشہ “مفاد خلق پر مبنی مستقبل” کے حامی رہے ہیں، جبکہ “جنرل وِل” کا تصور آج بھی گڈ گورننس اور ترقی پسند سیاست کا محور ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور چینی رہنما لیو ہائیکسنگ کے درمیان پارٹی ٹو پارٹی مفاہمتی یادداشت پر دستخط دونوں ممالک کے مشترکہ مستقبل کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ چین بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے اسکالرشپس، سرکاری جامعات کی معاونت اور تجارتی مواقع فراہم کرکے عملی تعاون کا مظاہرہ کرسکتا ہے۔ ان کے مطابق روزگار کے حقیقی مواقع ہی دوطرفہ اعتماد کو فروغ دینے کا موثر ذریعہ ہیں۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی سطح پر نئے سیاسی بیانیے کی ضرورت ہے اور سیاسی جماعتیں عوام اور ریاست کے درمیان اہم پل کا کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو مستحکم بنانے اور جھوٹے بیانیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے عوام کا اعتماد حاصل کرنا ضروری ہے۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تجارت، انفراسٹرکچر، توانائی، تعلیم اور دفاع سمیت مختلف شعبوں پر محیط ہیں، جبکہ دونوں ممالک اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم میں ترقی پذیر ممالک کے مفادات کے تحفظ کیلئے مشترکہ کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے قدیم شاہراہ ریشم کو “ڈیجیٹل سلک روٹ” کے طور پر بحال کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور گرین ٹیکنالوجیز سی پیک کو اگلے مرحلے میں لے جانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں۔
جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ حقائق کی بنیاد پر پالیسیاں تشکیل دے کر ہی عوامی مفادات پر مبنی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے پاک چین اعلیٰ سطحی سیاسی اعتماد کو فروغ دینے کیلئے فورم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر رہنماؤں کی شرکت پر شکریہ بھی ادا کیا۔

WhatsApp
Get Alert