چمن ریلوے پھاٹک دھماکے کی شدید مذمت، ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کوئٹہ کے چمن ریلوے پھاٹک پر ٹرین دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کو شہریوں کے امن و امان پر سنگین حملہ قرار دیا ہے۔
پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس افسوسناک واقعے میں کوئٹہ اور ملحقہ علاقوں میں ایک بار پھر مسافروں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے اور شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جب سے شہر کا امن و امان مخصوص عناصر کے حوالے کیا گیا ہے، اس کے بعد دہشت گردی، بدامنی، ڈاکہ زنی، چوری اور ڈکیتی کے واقعات میں 200 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، جبکہ کوئٹہ شہر کا ہر گھر اور پورا صوبہ سماج دشمن اور تخریب کار عناصر کے رحم و کرم پر ہے۔
پریس ریلیز میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط غیر منتخب اور نام نہاد نمائندے عوامی مسائل سے لاتعلق ہیں اور وہ مسلسل لوٹ مار، کرپشن، رشوت خوری اور اقربا پروری میں مصروف ہیں، جبکہ انہیں عوام کے جان و مال کے تحفظ سے کوئی دلچسپی نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ چمن ریلوے پھاٹک کی بندش کے باعث دونوں جانب کھڑی گاڑیاں اور ان میں موجود مسافر بھی اس واقعے کی زد میں آئے، جس کے نتیجے میں جانی نقصان اور زخمیوں کا دکھ انتہائی افسوسناک ہے۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے اور انہیں سخت ترین سزا دی جائے۔
بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ پارٹی ہر فورم پر اس واقعے کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی اور عوامی تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
