عیدالاضحیٰ سے قبل لاہور میں سبزیوں اور مصالحہ جات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لاہور میں سبزیوں کی قیمتیں عیدالاضحیٰ سے چند روز قبل اچانک بڑھنے سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔ کھلی مارکیٹوں میں روزمرہ استعمال کی سبزیاں اور مصالحہ جات سرکاری نرخ ناموں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث متوسط اور غریب طبقے کیلئے عید کی تیاری مشکل ہوتی جا رہی ہے۔
شہر کے مختلف بازاروں میں لیموں، ادرک، لہسن، ٹماٹر، پیاز اور ہری مرچ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں مؤثر دکھائی نہیں دے رہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی سبزیوں اور مصالحہ جات کی طلب بڑھ جاتی ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض دکاندار مصنوعی مہنگائی پیدا کر دیتے ہیں۔ کئی علاقوں میں سرکاری نرخ نامے آویزاں ہونے کے باوجود ان پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔
خواتین خانہ کا کہنا ہے کہ روزانہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ گھر کا بجٹ سنبھالنا مشکل ہوگیا ہے۔ کچھ شہریوں نے شکایت کی کہ وہ اب کم مقدار میں خریداری کرنے پر مجبور ہیں جبکہ کئی افراد سستی اور کم معیار والی اشیاء خریدنے لگے ہیں۔
دوسری جانب عوام نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور میں سبزیوں کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عید کے موقع پر شہریوں کو کچھ ریلیف مل سکے۔

WhatsApp
Get Alert