اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ہدایت کار ندیم بیگ کے میگا بجٹ اور میگا کاسٹ ڈرامے "صنف آہن" میں کردار ادا کرنے والی سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کالی داسا نے کہا ہے کہ یہاں آکر انہیں معلوم ہوا کہ مہمان نوازی اور دوسروں سے پیار کرنا پاکستانیوں کے خون میں شامل ہے .
سری لنکن اداکارہ نے ایک انٹرویو میں پاکستانی ڈرامے میں کام کرنے اور یہاں پر زندگی گزارنے سمیت سری لنکا میں کیے گئے ڈراموں اور فلموں پر بھی کھل کر باتیں کیں .
یحالی تاشیا کالی داسا نے بتایا کہ انہوں نے 15 سال کی عمر میں ماڈلنگ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے سری لنکا میں کمرشل ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے, پاکستانی ڈرامے میں کام کرنے سے قبل تین سری لنکن ڈراموں اور ایک فلم میں کام کیا تھا, پاکستانی ڈرامے میں کام کرنے کے لیے ان سے سری لنکن فوج کے کرنل روہانا وکرما سنگھ نے رابطہ کیا تھا اور بعد ازاں پاکستان سے کرنل عمیر فاروق نے ان سے رابطہ رکھا, انہیں بائیو ڈیٹا کی بنیاد پر ڈرامے میں سلیکٹ کیا گیا اور بعد ازاں ان کا آن لائن آڈیشن بھی لیا گیا، کرنل عمیر فاروق نے انہیں ابتدائی طور پر اردو زبان سمجھانے میں کافی مدد کی اور پاکستان آنے کے بعد پروڈکشن ہاوس کے دو افراد نے بھی ان کی کافی مدد کی .
یحالی تاشیا نے بتایا کہ وہ سری لنکا سے براہ راست کراچی آئی تھیں مگر فوری طور پر شوٹنگ کے لیے اسلام آباد سے ابیٹ آباد روانہ ہوگئیں، جب وہ پاکستان میں آئیں تو انہوں نے یہاں کے لوگوں کو مہمان نواز کے طور پر دیکھا اور محسوس کیا کہ پردیسیوں کا خیال رکھنا، انہیں پیار کرنا پاکستانیوں کے خون میں شامل ہے . ایک سوال کے جواب میں یحالی تاشیا نے بتایا کہ ڈرامے میں اگرچہ ان کی دوستی تقریبا تمام افراد کے ساتھ ہو چکی ہے مگر سب سے زیادہ دوستی سجل علی، سائرہ شہروز اور دنانیر مبین کے ساتھ ہے،سجل علی اور دنانیر مبین ان کا کافی خیال رکھتی ہیں، ساتھ ہی کہا کہ پاوری گرل انہیں تنگ بھی کرتی رہیں . سری لنکن اداکارہ کے مطابق انہیں پاکستان میں کام کرکے بہت مزہ آیا اور انہیں سیکھنے کو بہت کچھ ملا اور وہ مستقبل میں بھی پاکستان میں کام کرنا چاہیں گی . یحالی تاشیا کے مطابق انہوں نے اپنی 18 ویں سالگرہ یہاں پاکستان میں منائی مگر ’صنف آہن‘ ڈرامے کی شوٹنگ ختم کرکے وہ وطن جاکر اپنی تعلیم مکمل کریں گی، اس کے بعد مزید کام کریں گی . انہوں نے پاکستانی ڈرامے میں کام کرنے کا موقع فراہم کرنے پر سری لنکن اور پاک فوج کا شکریہ ادا کرنے سمیت ڈرامے کے پروڈیوسرز کا بھی شکریہ ادا کیا .
. .