مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب کی پریس کانفرنس، سنگین الزامات عائد

لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب نے وکیل رمشا اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ نکاح سے قبل انہیں دھمکیاں دی گئیں اور مومنہ اقبال کے خلاف منظم کردار کشی کی کوشش کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مومنہ اقبال نے حال ہی میں سابق رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ پر مبینہ ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے، جس کے بعد اداکارہ نے آن لائن شکایت درج کروائی۔ شکایت سامنے آنے پر متعلقہ اداروں اور پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا، جبکہ کیس کی پیروی مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال کر رہی ہیں۔


پریس کانفرنس کے دوران حمزہ حبیب نے کہا کہ ثاقب چدھڑ نے سب سے پہلے ان سے رابطہ کر کے مومنہ اقبال کے کردار پر الزامات لگانے کی کوشش کی تاکہ ان کی شادی رکوا دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے ان الزامات کو مسترد کیا تو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔
حمزہ حبیب نے دعویٰ کیا کہ ایف آئی آر میں ان کا نام شامل نہیں کیا گیا بلکہ صرف فون نمبر استعمال کیا گیا، جسے انہوں نے غیر اخلاقی اقدام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے پولیس سے مقدمے کی بنیاد پوچھی تو حکام کے پاس کوئی واضح جواب موجود نہیں تھا۔
انہوں نے کہا، “مومنہ اقبال میری بیوی ہے اور وہ میری ریڈ لائن ہے، کوئی بھی شخص ان کے کردار پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ جو بھی ان کے خلاف بات کرے گا، اسے جواب دینا ہوگا۔”



حمزہ حبیب نے مزید الزام عائد کیا کہ مخالف گروپ کے بعض افراد نے ان سے رابطہ کر کے مومنہ اقبال کے خلاف بیانات دینے کے بدلے رقم کی پیشکش بھی کی۔ ان کے مطابق بااثر لوگ اپنے اثر و رسوخ اور دولت کے ذریعے لوگوں کو دبانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن وہ کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مومنہ اقبال کو قانونی جنگ جاری رکھنے کا مشورہ انہوں نے خود دیا اور وہ ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
