کوئٹہ: ماموں نے تین بھانجے، ایک بھانجی اور بہنوئی کو قتل کر دیا پانچ افراد کا بہیمانہ قتل، ورثا کا شدید احتجاج

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ کے علاقے سریاب لنک بدنیتی میں فائرنگ کے ایک ہولناک واقعے میں پانچ افراد کو قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے جہاں ملزم نے گھر میں گھس کر اپنے بہنوئی، تین بھانجوں اور ایک بھانجی پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تمام افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مقتول خاندان نے ملزم کے خلاف پہلے ہی پولیس اور سیریس کرائم ونگ میں شکایات درج کرا رکھی تھیں، تاہم اس کے باوجود ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
واقعے کے خلاف لواحقین نے سریاب لنک بدنیتی روڈ پر لاشیں رکھ کر احتجاج کیا اور ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملزم اس سے قبل بھی اسی خاندان کے دو افراد کو قتل کرچکا ہے لیکن پولیس تاحال اسے گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔
احتجاج کرنے والوں نے الزام عائد کیا کہ سات افراد کا مبینہ قاتل آزاد گھوم رہا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مؤثر کارروائی نہیں کررہے۔
