قلات ٹول پلازہ کے قریب خوفناک حادثہ، دو بچوں اور دو خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق

قلات (قدرت روزنامہ) کراچی۔کوئٹہ قومی شاہراہ پر قلات ٹول پلازہ کے قریب کار اور پک اپ کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو بچوں اور دو خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ٹوڈی کار کراچی سے کوئٹہ جا رہی تھی جبکہ پک اپ قلات کی جانب آ رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث دونوں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
حادثے کے فوری بعد ریسکیو اور ایم ای آر سی (MERC) کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ عوام خصوصاً ڈرائیور حضرات سے اپیل کی گئی ہے کہ عید کے دنوں سمیت عام حالات میں بھی احتیاط سے ڈرائیونگ کریں، کیوں کہ صوبے بھر میں تیز رفتاری اور غفلت کے باعث ٹریفک حادثات میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
