وقوف عرفات کی تیاری مکمل، گرمی سے بچاؤ کیلئے خصوصی اقدامات

مکہ مکرمہ(قدرت روزنامہ) میدان عرفات میں شدید گرم موسم کے باعث حجاج کرام کو گرمی سے بچانے اور ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب میں مناسک حج کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اور کل حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کیا جائے گا۔ 16 لاکھ سے زائد عازمین میدان عرفات میں قیام کریں گے، جہاں مسجد نمرہ سے خطبہ حج بھی دیا جائے گا۔
سعودی حکومت نے شدید گرمی اور گردوغبار کے طوفان کے خدشے کے پیش نظر میدان عرفات اور اطراف میں خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ منصوبے کے تحت درختوں کی شجرکاری، سایہ دار شیڈز، اور جدید کولنگ فینز نصب کیے گئے ہیں جو پانی کی پھوار کے ذریعے ماحول کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد فراہم کریں گے۔
عازمین کی سہولت کے لیے میدان عرفات میں خصوصی راہداریاں بھی تیار کی گئی ہیں، جنہیں ایسے لچکدار مٹیریل سے بنایا گیا ہے کہ چلنے میں تھکن کم محسوس ہو۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حج کے دوران موسم شدید گرم رہے گا، مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ یومِ عرفہ پر درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
حکام نے عازمینِ حج کو گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
