بیٹی کے جہیز کےلیے بکرے فروخت کرنے والے شہری کو جعلی نوٹ دینے والے ملزمان گرفتار
نشتر کالونی پولیس نے درہ آدم خیل سے جعلی کرنسی سپلائی کرنے والے مبینہ نیٹ ورک کا سراغ لگا کر 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا

پشاور(قدرت روزنامہ)نشتر کالونی پولیس نے درہ آدم خیل سے جعلی کرنسی سپلائی کرنے والے مبینہ نیٹ ورک کا سراغ لگا کر 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق بیٹی کے جہیز کے لیے بکرے فروخت کرنے والے ایک شہری کو جعلی نوٹ دیے گئے تھے۔ متاثرہ شہری کو سامان کی خریداری کے دوران دکاندار سے نوٹ جعلی ہونے کا علم ہوا، جس پر اس کی درخواست پر فوری قانونی کارروائی شروع کی گئی۔
پولیس کے مطابق جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث ملزمان ندیم اور اکرم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم ملک ندیم 2013 سے جعلی کرنسی کے دھندے میں ملوث ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم جعلی نوٹوں کے کاٹن درہ آدم خیل سے منگواتا تھا، جہاں ایک کاٹن میں تقریباً 5 لاکھ روپے مالیت کے جعلی نوٹ موجود ہوتے تھے۔ ملزم نے ہر 15 روز بعد 2 سے 4 کاٹن منگوانے کا بھی اعتراف کیا۔
تحقیقات کے مطابق جعلی کرنسی کے ذریعے حافظ آباد، شیخوپورہ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور سے بکرے خریدے جاتے تھے۔ ملزمان مختلف منڈیوں، ڈیلرز اور فارم مالکان سے جانور خرید کر جعلی رقم کو وائٹ کرنے کے لیے فروخت کرتے رہے۔
ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق ملزم نے متعدد افراد کو لاکھوں روپے مالیت کے بکرے، دنبے اور چھترے فروخت کرنے کا انکشاف بھی کیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ملزمان سے جعلی کرنسی سے خریدا گیا ایک بکرا اور گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
