سڈنی (قدرت روزنامہ) قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان گیند باز محمد حسنین نے بگ بیش لیگ میں تباہ کن آغاز کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا . سڈنی تھنڈر کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے محمد حسنین نے آج ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلا اور تباہ کن بولنگ کر کے دھاک بٹھا دی .
محمد حسنین نے میچ کے 17ویں اور اپنے پہلے اوور میں صورت حال کو تبدیل کیا .
انہوں نے اس اوور میں بغیر کوئی رن دیے دوسری، تیسری اور پانچویں گیند پر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر فاتحانہ آغاز کیا .
محمد حسنین کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے سڈنی تھنڈر کو 28 رنز سے فتح حاصل ہوئی . بگ بیش لیگ میں حسنین کے علاوہ پاکستانی بولر حارث رؤف، دلبر حسین اور سید فریدون بھی حصہ لے رہے ہیں . قبل ازیں سڈنی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے تھے، ہدف کے تعاقب میں مخالف ٹیم 19.1 اوور میں 144 رنز پر ڈھیر ہوگئی .