شہزاد اکبر کے ستارے گردش میں آگئے،وزیراعظم کا عدم اطمینان کا اظہار
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے ستارے گردش میں آگئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان نے ان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہٹانے کا فیصلہ اصولی فیصلہ کرلیاہے اوران کی جگہ لاہور سے تعلق رکھنے والے سینئر قانون دان کو مشیر برائے احتساب بنانے پر غور ہورہا ہے باخبر حکومتی ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان مشیر احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کی ساڑھے تین سال کی کارکردگی سے قطعی مطمئن نہیں ہیں جس کا اظہار انہوں نے کرپشن کے خاتمے کیلئے گزشتہ دنوں ہونے والے ایک اعلیٰ
سطحی اجلاس میں بھی کیاتھا ۔ عمران خان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزاد اکبر کو جو اہداف دیئے گئے تھے وہ انہیں حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہے خاص طور پر شریف برادران اور آصف علی زرداری کی کرپشن بے نقاب کرنے اور ان سے لوٹی دولت واپس لانے کیلئے وہ ساڑھے تین سالوں کے دوران کچھ نہ کرسکے الٹا ایک برطانوی عدالت نے شہباز شریف کے حق میں فیصلہ دیدیا جس سے حکومت کی سبکی ہوئی نواز شریف اور شہباز شریف نے جو منی لانڈرنگ کی وہ پیسہ بھی بیرون ملک سے لانے میں ناکام رہے ساڑھے تین سالوں کے دوران شہزاد اکبر کسی بڑے کرپٹ سیاستدان کو سزا بھی نہ دلوا سکے چیئرمین نیب کے ساتھ بھی ان کے اختلافات رہے۔ چینی سکینڈلز کی تحقیقات کے حوالے سے جو ٹاسک شہزاد اکبر کو دیاگیا تھا اس میں بھی ملوث عناصر کو کٹہرے میں نہ لاسکے جس کی بناء پر پارٹی کے اندر بھی ان پر کڑی تنقید ہورہی تھی اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اب عمران خان نے شہزاد اکبر کو تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیاہے اور آئندہ چند روز میں ان کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا جبکہ لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر قانون دان کو یہ عہدہ سونپنے پر غور ہورہا ہے جو ان دنوں مسلم لیگ (ن) قیادت کیخلاف سوشل میڈیا پر سخت موقف اختیار کئے ہوئے ہیں اور عمران خان کے بڑے حامیوں میں سے ایک ہیں۔