عیدالاضحیٰ صفائی مہم، وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات پر مؤثر عملدرآمد کی کامیاب مثال
تحریر، شیخ عبدالرزاق

عیدالاضحیٰ مسلمانوں کے لیے قربانی، ایثار اور اجتماعی خوشیوں کا تہوار ہے، تاہم ماضی میں یہ مذہبی تہوار صفائی اور شہری نظم و نسق کے حوالے سے کئی مشکلات بھی پیدا کرتا رہا ہے۔ خصوصاً صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں عید کے بعد جگہ جگہ آلائشیں، گندگی، تعفن اور کچرے کے ڈھیر معمول کا منظر بن جاتے تھے۔ یہ صورتحال نہ صرف شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنتی تھی بلکہ صحتِ عامہ اور ماحولیات کے لیے بھی خطرات پیدا کرتی تھی۔ تاہم رواں سال عیدالاضحیٰ کے دوران بلوچستان بھر میں صفائی مہم کے مؤثر انتظامات نے ایک واضح اور خوش آئند تبدیلی کا احساس دلایا ہے یہ بہتری دراصل وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات اور مؤثر نگرانی کا نتیجہ ہے۔ عیدالاضحیٰ سے قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو واضح ہدایات جاری کی تھیں کہ عید کے دوران صفائی کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس امر پر زور دیا تھا کہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور عید کے ایام میں شہریوں کو ماضی کی طرح مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے وزیر اعلیٰ کی انہی ہدایات کی روشنی میں کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں صفائی مہم کو منظم انداز میں چلایا گیا۔ شہری علاقوں، گلی محلوں، بازاروں اور رہائشی آبادیوں میں آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جبکہ صفائی عملہ عید کے تینوں دن متحرک رہا۔ یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ ماضی کی نسبت کہیں کم مقامات پر گندگی اور آلائشیں دیکھنے میں آئیں اور مجموعی طور پر شہری ماحول بہتر محسوس ہوا اس کامیاب صفائی مہم کا سہرا ضلعی انتظامیہ، میونسپل اداروں، کوئٹہ میں صفا کوئٹہ کی ٹیم صفائی عملے اور متعلقہ حکام کے سر جاتا ہے جنہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے دن رات محنت کی۔ صفائی کے کارکن شدید گرمی اور مشکل حالات کے باوجود فیلڈ میں موجود رہے اور شہری علاقوں کو صاف رکھنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ یہ طبقہ درحقیقت شہری نظام کا خاموش مگر اہم ستون ہے جس کی خدمات قابلِ ستائش ہیں اس مرتبہ عوامی تعاون بھی ماضی کے مقابلے میں زیادہ بہتر دیکھنے میں آیا۔ شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھیں، صفائی عملے کے ساتھ تعاون کیا اور صفائی کے حوالے سے ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ جب حکومت سنجیدگی سے اقدامات کرے تو عوام بھی مثبت انداز میں اس کا ساتھ دیتے ہیں بلوچستان کو محدود وسائل، بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری انفراسٹرکچر کے مسائل جیسے چیلنجز کا سامنا ضرور ہے، لیکن عیدالاضحیٰ کے دوران بہتر صفائی انتظامات نے یہ ثابت کیا ہے کہ مؤثر قیادت، واضح حکمت عملی اور مسلسل نگرانی کے ذریعے مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے قبل از وقت ہدایات اور متعلقہ اداروں کی فعالیت نے اس مرتبہ شہریوں کو ایک بہتر ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اب ضرورت اس امر کی ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران اپنائے گئے مؤثر نظام کو صرف ایک وقتی انتظام نہ سمجھا جائے بلکہ اسے مستقل بنیادوں پر شہری صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کا حصہ بنایا جائے۔ صاف، منظم اور صحت مند شہر کسی بھی مہذب معاشرے کی پہچان ہوتے ہیں اور بلوچستان میں اس مثبت پیش رفت کو اسی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے رواں سال عیدالاضحیٰ کے دوران بلوچستان میں صفائی کی بہتر صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر قیادت سنجیدہ ہو، ادارے متحرک ہوں اور عوام تعاون کریں تو شہری مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ امید کی جانی چاہیے کہ یہ مثبت روایت آئندہ بھی برقرار رہے گی اور بلوچستان کے عوام کو مستقبل میں مزید بہتر شہری سہولیات میسر آئیں گی۔
