رواں سال بھی غلافِ کعبہ یکم محرم کو تبدیل کیا جائے گا

سعودی عرب (قدرت روزنامہ)گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی خانہ کعبہ کے غلاف کو یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق تبدیلیٔ غلاف کعبہ کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ غلاف کعبہ کلید بردارِکعبہ کے حوالے کرنےکی تقریب خادم الحرمین الشریفین کی سربراہی میں ہوئی۔

سونا اور چاندی سے غلاف کعبہ پر قرآنی آیات دل کش انداز میں تحریر کی گئی ہیں۔ غلاف کعبہ کی سلائی میں نہایت تربیت یافتہ اور اعلیٰ مہارت کے حامل کاریگروں نے حصہ لیا۔

غلاف کعبہ عمومی طور پر 16 ٹکڑوں پر مشتمل ہوتا ہے جس کی لمبائی 50 فٹ اور چوڑائی 35 سے 40 فٹ کے درمیان ہوتی ہے۔

اس سے قبل عمومی طور پر غلاف کعبہ ہر سال 9 ذی الحج کو تبدیل کیا جاتا تھا تاہم گزشتہ عرصوں سے اس معمول میں تبدیلی لاتے ہوئے یکم محرم کو غلاف کعبہ تبدیل کیا جارہا ہے اور اس سال بھی اس روایت کو برقرار رکھا گیا۔

تبدیلیٔ غلاف کعبہ کی تقریب کی سیکیورٹی کے انتظامات کو بھی آخری شکل دیدی گئی۔

WhatsApp
Get Alert