بجلی مزید مہنگی کی درخواست، عوام پر 17 ارب 85 کروڑ کا بوجھ ڈالنے کی تیاریاں

کراچی(قدرت روزنامہ) مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام پر 17 ارب 85 کروڑ روپے کا بوجھ ڈالنے کی ایک اور درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)کو دے دی گئی۔ یہ درخواست بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کی طرف سے نیپرا کو دی گئی ہے۔ درخواست رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے۔
ڈسکوز نے کیپیسٹی چارجز ،ترسیلی و تقسیمی نقصانات سمیت دیگر مدوں میں یہ اضافہ مانگا ہے نیپرا 12جنوری کو سماعت کرے گی، کیپسٹی چارجز کی مد میں 5 ارب 74 کروڑ روپے وصول کرنے کی درخواست کی گئی ہے، ٹرانسمشن اینڈ ڈسٹری بیوشن لاسز کی مد میں 9 ارب روپے وصول کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے۔آئیسکو نے ایک ارب 19 کروڑ لیسکو نے 2 ارب 69 کروڑ روپے سے زائد وصول کرنے کی درخواست کی ہے، فیسکو کی 2 ارب 51 کروڑ ، میپکو نے 4 ارب 22 کروڑ روپے وصول کرنے کی درخواست کی ہے۔

پیسکو نے 2 ارب 75 کروڑ، کیسکو کی ایک ارب 86 کروڑ روپے وصول کرنے کی درخواست گئی ہے۔ ٹیسکو کی ایک ارب 36 کروڑ، گیپکو کی 43 کروڑ 60 لاکھ روپے وصول کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔نیپرا نے کہا ہے کہ بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نیکیپیسٹی چارجز، ترسیلی و تقسیمی نقصانات اور دیگر مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ مانگا ہے۔ کمپنیوں کی درخواست پر سماعت 12جنوری کو ہوگی جس کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔