3 بچیوں کو قتل کرنے والی ماں کا بیان، اہم انکشافات کر دئیے

جہلم (قدرت روزنامہ) جہلم میں مہنگائی اوربے روزگاری کے باعث گھریلو ناچاقی پر ماں جلاد بن گئی۔تینوں بچیوں کے گلے کاٹنے کے بعد ماں نے اپنا گلہ بھی کاٹ کر آگ لگا دی تھی ،5 سالہ زوئیہ3سالہ فائزہ اور2 سالہ جنت تینوں بچیوں موقع پر جاں بحق ہو گئیں ۔ جہلم میں تین کمسن بچیوں کے قتل کا مقدمہ دادی کی مدعیت میں ماں کے خلاف درج کرلیا گیا ۔
پولیس کے مطابق ملزمہ یاسمین نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ اس کا شوہر اس پر تشدد کرتا تھا اور خرچے کیلئے پیسے نہیں دیتا تھا واقعہ کی رات بھی رقم کسی سے ادھار لے کر شوہر کو دی تھی۔ یاسمین کا کہنا تھا کہ صبح بچیوں کو لے کر میکے جانے کا پروگرام بنایا تو شوہر نے مار پیٹ کی پھر وہ چلا گیا، اس کے جانے بعد جذبات اور غصے میں آکر تینوں بچیوں کو قتل کردیا تھا۔

ملزمہ نے بتایا کہ اس نے اپنے آپ کو مارنے کی کوشش کی اور کمرے میں آگ لگا دی تھی۔پولیس کے مطابق خاتون کا شوہر رکشہ چلاتا ہے اور واقعے کے وقت وہ گھر پر موجود نہیں تھا۔پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعہ جہلم کے گائوں ہرن پور میں پیش آیا تھا جہاں غربت سے تنگ آ کر ماں نے 3 بچوں کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا تھا۔ماں کے ہاتھوں قتل ہونے والے معصوم بچوں کی عمریں 2 سے 5 سال کے درمیان تھیں۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے پنڈ دادن خان جہلم میں ماں کے ہاتھوں تین بچوں کے قتل کے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جہلم پولیس نے فوری ایکشن کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی ہی او جہلم کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔