کوئٹہ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت، بیشتر پیٹرول پمپس بند، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) کوئٹہ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کے باعث شہر کے بیشتر پیٹرول پمپس بند ہو گئے ہیں، جبکہ جہاں ایندھن دستیاب ہے وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
صدر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن بلوچستان، قیام الدین آغا نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منی پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں بند کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق منی پمپس کی بندش کے بعد شہریوں نے بڑی تعداد میں ملکی پیٹرولیم کمپنیوں کے پمپس کا رخ کیا، جس سے ایندھن کی طلب میں اچانک اضافہ ہوا اور قلت پیدا ہو گئی۔
قیام الدین آغا نے مزید کہا کہ عیدالاضحیٰ کے باعث پیٹرولیم کمپنیوں کا نیا اسٹاک بروقت کوئٹہ نہیں پہنچ سکا، جس کی وجہ سے صورتحال مزید متاثر ہوئی۔ تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ جلد ہی سپلائی بحال ہونے کے بعد حالات معمول پر آ جائیں گے۔
دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں بعض پیٹرول پمپس پر رات گئے تک گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں، جس کے باعث شہریوں کو پیٹرول اور ڈیزل کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایندھن کی فراہمی کو فوری طور پر معمول پر لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
