کوہ سلیمان ڈویژن کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منگل کے روز چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں کوہ سلیمان ڈویژن کے انتظامی امور اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مجوزہ و جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔
اجلاس میں کوہ سلیمان ڈویژن کے مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی اسکیموں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، عوامی خدمات کی فراہمی، تعلیم، صحت، مواصلات، پینے کے صاف پانی اور دیگر اہم شعبوں میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا کمشنر کوہ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمٰن قمبرانی نے وزیر اعلیٰ کو جاری اور مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوہ سلیمان ڈویژن کی پائیدار ترقی اور وہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری، شفافیت اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں ۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام ترقیاتی اسکیموں کی موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے دستیاب وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی ضروریات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور انتظامی امور میں بہتری لا کر عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
اجلاس میں کوہ سلیمان ڈویژن میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں، انتظامی اقدامات اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید موثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert